فرخ حبیب نے بغیر کسی دباؤ کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا، علی موسیٰ گیلانی

 فرخ حبیب نے پراعتماد انداز میں پریس کانفرنس کی، ان پر کوئی دباؤ نظر نہیں آرہا تھا، سیاسی لوگوں میں بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں، رہنما پی پی کی گفتگو


کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اکتوبر2023ء) رہنما پی پی علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ فرخ حبیب نے بغیر کسی دباؤ کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرخ حبیب نے پراعتماد انداز میں پریس کانفرنس کی، ان پر کوئی دباو نظر نہیں آ رہا تھا۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کو سیاست کیلئے استعمال کیا گیا، عمران خان نے اپنی ذات کیلئے فیصلے کئے، اب انھیں اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2018 میں ن لیگ سے ٹکٹ واپس کرائے گئے، ہر انتخابات میں میدان جنگ ہمیشہ پنجاب میں بنتا ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کو بھرپور سپورٹ حاصل تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی لیول پلئینگ فیلڈ کی بات کرتی ہے، پیپلزپارٹی کا یک نکاتی مطالبہ ہے، انتخابات فوری کرائےجائیں۔

علی موسیٰ کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی لوگوں میں بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں، ن لیگ نگراں حکومت کو اون کررہی ہے، انھیں نگراں حکومت سےعلیحدہ رہنا چاہئے، ن لیگ کو نگراں حکومت کا حصہ بننے سے نقصان ہوگا۔

قبل ازیں آئی پی پی کے ترجمان عون چوہدری نے کہا کہ فرخ حبیب نے 10 دن پہلے مجھ سے رابطہ کیا، میری ان سے ملاقات بھی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فرخ نے پریس کانفرنس میں جو کچھ بولا وہ دل سے بولا، آئی پی پی میں آنے کا فیصلہ ان کا ذاتی ہے، ان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اپناضمیر کا فیصلہ اپنی مرضی سے خود کرنا چاہئے، ہم ملک میں استحکام چاہتے ہیں۔

عون چودھری کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ کہ فرخ اس سے پہلے کہاں تھے، میرے اور بھی دوست جو دور ہیں وہ بھی رابطے میں ہیں وہ بھی پارٹی میں آئیں گے۔ اسی طرح استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فین کلب اپنی موت آپ مرچکا، فرخ حبیب نے ان کے بیانیے کوایکسپوز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج فرخ حبیب نے تحریک انصاف کے ساتھ اپنے سفرکا اختتام کردیا، انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتی ہوں۔

رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ جب کوئی کارکن مشکل میں آتا ہے تو قائد اس کے پیچھے کھڑا ہوتا ہے۔ ہمارے ورکرز اور لیڈرز گراس روٹ لیول پر کام کرر ہے ہیں،آنے والے دنوں میں عوامی رابطہ مہم میں جلسے کریں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اداروں پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، اگر پارٹی میں شامل 9مئی واقعات کے ذمہ دارہوئے تو استحکام پاکستان پارٹی ان کا بوجھ نہیں اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی ذات کے قیدی ہیں، اختلافات سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں۔ اب صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ سربراہ تحریک انصاف کا فین کلب اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ فرخ حبیب نے آج آئی پی پی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔

فرخ حبیب پریس کانفرنس کرنے استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر پہنچے تھے۔اس موقع پر آئی پی پی کے رہنما عون چوہدری بھی موجود تھے۔ قبل ازیں سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام خط لکھ دیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خط میں چیف جسٹس سے فرخ حبیب کی جبری گمشدگی کا فوری نوٹس لینے اور جلد از جلد بازیابی یقینی بنانے کی استدعا کی گئی۔

Comments

Popular posts from this blog

غیر قانونی طور پر مقیم افغان تارکین وطن کیخلاف آپریشن میں 8دن رہ گئے،سرکاری اداروں نے فہرستیں تیار کر لیں، زیرتعلیم افغان بچوں کا ڈیٹا بھی طلب

انتخابات کیس؛ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا

ڈالر کی قدر مزید گرگئی‘ اسٹاک اکسچینج کے 100 انڈیکس نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے